پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں آٹھ ہفتوں سے جاری پیلی جیکٹس کا احتجاج پُرتشدد شکل اختیار کر گیا، مظاہرین کار لفٹر کے ذریعہ دیوار توڑ کر منسٹری میں داخل ہو گئے، مظاہرین کا صدر سے استعفیٰ کا مطالبہ، پولیس کا مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال، متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
فرانس میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، پیلی جیکٹس تحریک کے مظاہرین کار لفٹر کے ذریعہ منسٹری کی دیوار توڑ کر اندر گھس گئے۔ پولیس نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق مظاہرین کی تعداد پچاس ہزار کے قریب ہے۔ دوسری طرف فرانس کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے شروع ہو گئے۔
گزشتہ روز میکرون حکومت نے مظاہرین کو فسادی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد حالات سدھرنے کے بجائے مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔