نئی دہلی: (دنیا نیوز) کشمیر میں فوجی قافلے پر حملے کے بعد بھارت نےایک بار پھر دہشت گردی کا شور مچا دیا، خفت مٹانے کیلئے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی، متعصب بھارتی میڈیا بھی سچ بتانے کے بجائے حقیقت چھپانے میں مصروف ہو گیا۔
سری نگر میں بھارتی فورسز پر حملے نے قابض حکومت اور فوج کو ہلا کر رکھ دیا، بھارت نے اپنی روش نہ بدلی، آئینہ دیکھنے کے بجائے الزامات پر کمر کس لی۔
وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے الزام لگایا کہ پلوامہ میں حملہ کالعدم جیش محمد نے کیا جسے پاکستان کی پشت پناہی حاصل ہے۔ بھارت سرکار کا حملے پر سر کھسکا تو متعصب میڈیا بھی الزام تراشی کیلئے کود پڑا۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار سچ بتانے کے بجائے حقیقت چھپانے میں لگ گئے۔
ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر بھارتی اینکرز نے گویا آگ اگلنا شروع کر دی، تجزیہ کاروں کو جیسے پاک بھارت تنازعے کے لیے ایندھن مل گیا۔