سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں قابض فوج کے مظالم میں مزید اضافہ ہونے لگا۔ کالے قانون کے تحت گرفتار کیے جانے والے کشمیریوں کی تعداد میں دو سالوں کے دوران تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
کشمیری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہر سال بے گناہ کشمیریوں کو حراست میں رکھنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال کشمیر میں بے گناہ افراد کو گرفتار کیے جانے کی شرح دو ہزار سولہ کے مقابلے میں دگنی تھی۔
دو ہزار سولہ میں انسانیت سے عاری بھارتی سرکار نے دو سو تیس افراد کو قید کیا جبکہ دو ہزار سترہ میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد چار سو دس ہو گئی تھی۔ دو ہزار اٹھارہ میں پانچ سو دس بے گناہ افراد کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔
پبلک سیفٹی ایکٹ نامی کالے قانون کے تحت بھارتی حکومت کسی بھی فرد کو بغیر مقدمہ کے چھ ماہ سے لے کر ڈیڑھ سال تک بغیر مقدمہ تک حراست میں رکھ سکتی ہے۔