لندن: (دنیا نیوز) لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کےباہر سکھوں اور کشمیریوں کے احتجاج میں بھارتی انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا۔ مظاہرین سے جھنڈے اور پلے کارڈ چھیننے کی کوشش کی۔ ادھر جرمنی میں بھی مسلمانوں اور سکھوں نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
برطانیہ میں بھارتی پنجاب اور مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرے، سکھ اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے بھارتی ہائی کمیشن کےباہر احتجاج اورنعرے بازی کی۔ اس دوران بھارتی انتہاپسندوں نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے جھنڈے اور پلے کارڈز چھیننے کی کوشش کی۔ تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے صورتحال کو قابو کیا۔
ادھر بھارتی جارحیت کے خلاف جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انٹرنیشنل خالصہ فیڈریشن جرمنی اور ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سکھ برادری اور یورپ میں بسنے والے تمام مکتبہ فکر کے افراد نے بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج میں شرکت کی۔