تل ابیب: (اے ایف پی) دہشت گرد نے نیوزی لینڈ کے بڑے سٹور سے 4 رائفلیں اوراسلحہ آن لائن خریدا تھا
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر حملہ کرنے والا آسٹریلوی دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ 2016میں اسرائیل گیا تھا، اسرائیلی امیگریشن اتھارٹی کی ترجمان کے مطابق برینٹن ٹیرنٹ اکتوبر 2016میں 3 ماہ کے ویزے پر اسرائیل پہنچا، جہاں اس نے 9روز قیام کیا،انہوں نے دہشت گرد کے قیام سے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں، نیوز ایجنسی کے مطابق حالیہ چند برسوں میں برینٹن ٹیرنٹ نے غیر ممالک کا کافی سفر کیا،سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق برینٹن ٹیرنٹ نے پاکستان اور شمالی کوریا جیسے ملکوں کا بھی سفر کیا، وہ یونان، کروشیا اور بلغاریہ سمیت کئی ملکوں میں گیا، آسٹریلوی وزیرداخلہ پیٹر ڈوٹن کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران برینٹن ٹیرنٹ نے صرف 45دن آسٹریلیا میں قیام کیا، وہ دہشت گردوں کی واچ لسٹ پر نہیں تھا، ادھر نیوزی لینڈ میں اسلحے کے بڑے سٹور گن سٹی کے مالک ڈیوڈ ٹپل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ برینٹن ٹیرنٹ نے 4 رائفلیں اور دوسرا اسلحہ آن لائن خریدا تھا جس کی پولیس نے آن لائن تصدیق بھی کی تھی،دوسری جانب کرائسٹ چرچ کے پولیس کمشنر مائیک بش نے کہا کہ بظاہر دونوں مساجد پر حملے میں برینٹن ٹیرنٹ واحد حملہ آور دکھائی دیتا ہے لیکن اُس کی ممکنہ حمایت کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔