اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر دہشت گرد حملے میں 9 پاکستانیوں کی شہادت پر آج ملک بھر میں قومی سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ایک روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ سوگ کے سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر نصب سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نیوزی لینڈ سانحے میں دس پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے 9 شہید ہوگئے جبکہ شدید زخمی پاکستانی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔
دوسری جانب سانحہ کرائسٹ چرچ میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، نیوزی لینڈ میں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ میتیں بدھ کے روز ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والوں کیلئے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
ادھر پاکستان کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو استبنول میں طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس کا مقصد مسلم امہ کو واقعے کے بعد اکھٹا کرنا ہے، اجلاس میں اسلام فوبیا کے سدباب کے لیے مسلمان ممالک کے کردار پر اور مسلم دنیا سے یورپی ممالک ہجرت کرنے والے مسلمانوں پر مظالم سے متعلق بات ہوگی۔