ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست ٹیکساس میں طیارہ گرنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس میں چھوٹا طیارہ گر گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے، 2 انجنوں والا چھوٹا طیارہ ایڈیسن ائیرپورٹ سے اڑان بھر رہا تھا کہ قریبی ہینگر پر گر گیا، طیارہ عمارت پر گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی جس کے باعث طیارے میں موجود پائلٹ سمیت تمام 10 افراد موقع پر ہی چل بسے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مرنے والوں میں 8 افراد مسافر تھے جبکہ دو کا تعلق عملے سے تھا۔ دوسری طرف جس جگہ طیارہ گرا وہاں پر کوئی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئی۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے حکام کے مطابق اس واقعہ سے متعلق فوراً کچھ نہیں بتا سکتے، تحقیقات کے بعد ہی میڈیا کے سامنے حقائق لائے جائیں گے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے طیارے کا انجن خراب ہو گیا تھا تحقیقات کے بعد ہی حقیقت سامنے آئے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بیچ کرافٹ بی ای 350 کا حامل یہ طیارہ ایڈیسن میونسپل ایئر پورٹ سے فلوریڈا کیلئے نکلا تھا تاہم بیس منٹ بعد حادثہ رونما ہوا۔ فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے عملہ کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ بجھانے میں کامیاب ہوا جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے نام اور شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔