ایک سال میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 31 بچے شہید ہوئے: رپورٹ اقوام متحدہ

Last Updated On 02 August,2019 07:35 am

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں جولائی کے دوران بھارتی ریاستی دہشتگردی کے دوران ایک بچی، خاتون سمیت 11 افراد شہید ہوئے جبکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران بھارتی فوج نے 31 بچوں کو شہید کیا ہے جن کی عمریں 7 سے 17 سال کے قریب تھیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جولائی کے مہینے میں شہیدہونے والوں میں ایک بچی اورخاتون بھی شامل ہے، قابض فوج کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال سے 80 افرادبری طرح زخمی ہوئے، گزشتہ ماہ بھارتی فورسزنے حریت رہنماؤں اورنوجوانوں سمیت 46افراد کو گرفتار کیا۔ ظالم فوج نے جولائی میں 2 گھروں کو بھی دھماکے سے تباہ کیا۔

دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سیّد علی گیلانی نے شکیل احمد بخشی کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حریت رہنماؤں کو اس انداز سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔

اُدھر اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران بھارتی فوج نے 31 بچوں کو شہید کیا، شہید ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 17 سال کے قریب تھی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی جاری کرتے ہوئے 31 بچوں کو شہید کیا، شہید ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 17 سال کے قریب تھی۔ اس ظالمانہ کارروائیوں کے دوران کچھ بچوں کی عمر ایک سال کے قریب تھی۔

کشمیر میڈیا کے مطابق جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے رواں سال کے دوران ظالمانہ کارروائیاں کرتے ہوئے 150 کے قریب بچوں کو بھی زخمی کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس دوران جنسی تشدد کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ زیادتی کے ایک واقعہ جموں ریجن میں کٹھوعہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں 8 سالہ آصفہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔