پتا نہیں کشمیر میں کیا ہونے والا ہے، محبوبہ مفتی کا ٹویٹ

Last Updated On 04 August,2019 11:27 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اپنی ٹویٹ میں مقبوضہ وادی کی صورتحال کا انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں مکمل کرفیو کی تیاریاں کر لی گئیں۔ کشمیری رہنما محبوبہ مفتی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے بتایا ہے کہ ہسپتالوں کے عملے کو کرفیو پاسز جاری کر دیے گئے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے صورتحال پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ رات بہت لمبی ہونے جا رہی ہے، پتا نہیں کل کیا ہونے والا ہے۔

دوسری جانب سرینگر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں انڈیا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو سب مل کر مقابلہ کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوئی بھی کوشش جارحیت تصور ہوگی۔ آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 میں کوئی تبدیلی منظور نہیں ہوگی۔