واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق بھارت کی قانون سازی کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، بھارتی فیصلے کے وسیع اثرات ہونگے، خطے میں عدم استحکام میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت اور انتظامی امور سے متعلق بھارت کی قانون سازی کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، انفرادی حقوق کا احترام کیا جائے، قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور جو لوگ متاثر ہوئے ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر کے لوگوں کی گرفتاریوں اور مسلسل پابندیوں کی اطلاعات پر امریکا کی تشویش برقرار ہے۔ امریکا تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور ضبط و تحمل سے کام لیں۔ محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ تمام فریق لائن آف کنٹرول پر امن و استحکام برقرار رکھیں، کشمیر سمیت تمام مسائل پر پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
امریکی حکومت نے پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کی تصدیق امریکی محکمہ خارجہ نے کر دی۔ دونوں ممالک نے گزشتہ سال مئی میں سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی تھیں۔