پاکستان کا بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم

Last Updated On 08 August,2019 09:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات ہندوستانی سفیر اجے بساریہ کو واپس بھجوانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انڈین ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کیلئے کہہ دیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو اپنا ہائی کمشنر واپس بلانے کے لیے کہہ دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے لیے اپنے نامزد ہائی کمشنر کو نئی دہلی نہیں بھجوائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو واپس بھجوانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروف ہالو والیا کی دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کی ملک بدری سے باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر فواد چودھری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بھارت سے تمام سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈٰین ہائی کمشنر کو فوری واپس بھیجنے کا کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست کے پیچھے لاشوں کی بے حرمتی نہیں ہونی چاہیے، جب بھارت ہم سے بات کرنے کو ہی تیار نہیں تو ہمارا سفیر وہاں کیا کر رہا ہے؟

فواد چودھری نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ یہ تاثر نہ جائے کہ ہم لڑنے سے بھاگ رہے ہیں، لڑائی ہوئی تو قوم کا بچہ بچہ فوج کے شانہ بشانہ لڑے گا۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈرشپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے پوچھا کہ بتائیں کیا کروں تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو کھڑے ہو کر کہنا چاہیے تھا کہ آپ قدم بڑھائیں، ہم ساتھ ہیں۔