راولپنڈی: (دنیا نیوز) انڈین فوج نے تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے مارٹر گولے اور راکٹ چلا دیئے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب، دو بھارتی فوجی ہلاک، کئی زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوج نے مارٹر اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 بزرگ شہری شہید ہوئے۔ شہدا میں 75 سالہ لال محمد اور 61 سالہ حسن دین شامل ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے گولہ باری کرنے والی بھارتی چوکیوں پر بھرپور جوابی وار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 2 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔