اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔ مولانا فضل الرحمان صدارت کریں گے تاہم شہباز شریف اور بلاول بھٹو شریک نہیں ہوں گے۔
کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اے پی سی کا ٹاپ ایجنڈا ہو گا۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ناکامی کا جائزہ بھی لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کمر درد کے باعث شرکت نہیں کریں گے۔ خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق پر مشتمل لیگی وفد اے پی سی میں جائے گا۔
بلاول بھٹو کے دورہ سکردو کے باعث نیئر بخاری، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر اجلاس میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔
اے پی سی میں اسفند یار ولی، محمود خان اچکزئی، اویس نورانی، آفتاب شیرپاؤ بھی شرکت کریں گے جبکہ حریت رہنماؤں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔