مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کا الرٹ جاری

Last Updated On 22 August,2019 09:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم جینو سائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورت حال پر الرٹ جاری کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیر یوں کی نسل کشی سے روکیں۔

ادھر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے خطے کے امن کو داﺅ پر لگا دیا ہے، صورت حال خطے کو تباہی کے دہانے پر لے جائے گی۔

جینو سائیڈ واچ نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ بھارت کی قابض افواج 1947ء سے اب تک ستر ہزار کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے جبکہ 1989ء سے لے کر 2006ء کے درمیانی عرصے میں 50 ہزار کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کا نظریہ ہندوتوا کی واضح علامت ہے۔ بھارتی حکمرانوں نے بغیر کسی آئینی جواز کے کشمیر پر فوجی آمریت مسلط کر رکھی ہے۔

جینو سائیڈ واچ نے اپنی رپورٹ میں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت ہونے کے باوجود ہندو اور سکھوں کی اقلیت کو فوجی طاقت پر حکمرانی کروائی جا رہی ہے۔ وادی میں مواصلاتی رابطے میں بھی منقطع ہیں۔ یہ اقدام انسانی حقوق کی بڑی خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ میں اس درد بھرے پہلو سے بھی پردہ اٹھایا گیا ہے کہ وادی میں کشمیریوں پر تشدد، خواتین کی عصمت دری اور بغیر جرم کے دو سال تک حراست میں رکھنے کے واقعات عام ہیں۔ شناختی کارڈ پر نام مسلمان درج ہونا، کشمیری زبان، لباس اور مذہبی مقامات کشمیریوں کی پہچان ہیں ہیں لیکن مودی سرکار ان کے تشخص کو بھی ختم کرنے پر تل گئی ہے۔

عالمی تنظیم کی رپورٹ میں ہولناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ہندو پنڈت کشمیر میں ہندو ازم کا پرچار کرنے کے لئے بھارتی سرکار کے ساتھ مل چکے ہیں جبکہ اپنے حقوق کے لئے لڑنے والے مسلمانوں کو دہشت گرد، علیحدگی پسند، مجرم اور درانداز کا خطاب دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 7 لاکھ کے سے زائد جدید اسلحہ سے لیس بھارتی فوج اور پولیس کشمیر میں قابض ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے ہندوﺅں کو مقبوضہ کشمیر میں دوبارہ مضبوط کر دیا ہے۔

کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی تنظیم نے دس مراحل کی نشاندہی کی ہے۔ ان مراحل میں یہ بھی شامل ہے مودی اور بی جے پی کی حکومت کا جو خطے میں خوشحالی لانے اور دہشت گردی ختم کرنے کا ہدف ہے، اس کے درپردہ بھارتی فوج اور پولیس کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہ رہی ہے۔

عالمی تنظیم نے اقوام متحدہ اور ان کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔

دوسری جانب حقوق انسانی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھی کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق دے۔

ادھر جینو سائیڈ واچ کی جاری کردہ رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بچوں اور بچیوں کو اٹھایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پوری وادی میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ بھارتی مظالم پر دنیا کو اپنی خاموشی توڑنا ہوگی۔ پاکستان کے پاس جو ممکنہ راستے ہیں ہم وہ اختیار کر رہے ہیں۔