اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا، سرچ آپریشنز میں ابتک 4 کشمیری شہید کیے گئے، مزید اموات کا خدشہ ہے، بھارتی جارحیت سے خطے کو خطرات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو اور بلیک آؤٹ کا 19 واں دن ہے، مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ، ذرائع ابلاغ مکمل بند ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دے، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی قلت ہے، بھارت نے 20 اگست کو ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ کی، بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہوا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو 4 بار طلب کیا گیا۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے صورتحال پر 2 بار بات ہوئی، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیا، یو این قراردادیں موجود، بھارت کو مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہمیشہ کرفیو نہیں لگا سکتا، مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا موقف اصولی ہے، کوئی تبدیلی نہیں آئی، بھارت میں پاکستانیوں کے پھنسنے کی اطلاع نہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان میں داعش کا وجود نہیں، خواہش اور کوشش ہے کرتار پور راہداری بر وقت کھل جائے۔