وزیراعظم کی مودی کے دورہ امریکا کے موقع پر بھرپور احتجاج کی ہدایت

Last Updated On 21 August,2019 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مودی کے خلاف نیویارک میں بھرپور احتجاج کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کیخلاف وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کو بیرون ملک تاریخ ساز احتجاج کی ہدایت کردی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کا سفیر بن کر ہر فورم پر کشمیروں کی آواز اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف اوورسیز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔ تحریک انصاف نیویارک میں بھارتی بربریت کے خلاف عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے اور جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کی تیاری کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں مودی حکومت کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز نہیں، بھارتی حکومت کے غیر آئینی اور یکطرفہ اقدام کو ہر سطح پر بے نقاب کروں گا۔
 

Advertisement