پشاور: (دنیان یوز) شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اگر پشاور سے اسلام آباد تک سڑکیں بند کر دیں تو بھی احتساب نہیں روکے گا، اے پی سی کشمیر کاز میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔
پشاور کے نشتر ہال میں تصویری نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، کشمیر کا مسئلہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں اٹھایا۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کیا فضل الرحمان کا حق نہیں بنتا کہ کشمیر پر بات کرسکیں ؟ مولانا سے پوچھتا ہوں کوئی فتوی ہے جو کرپشن کو صحیح ثابت کرے ؟ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور مولانا اپوزیشن کو بچا رہے ہیں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دوسری اے پی سی ہے لیکن کوئی اعلیٰ لیڈر نہیں آ رہا، اس وقت تمام کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، کسی کی کوئی جرات نہیں کہ وہ پولیو کو روک سکے، 50 سال بعد موقع ملا کہ کشمیر کے حوالے سے بات کی جائے۔