اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا، مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی گئے، قرضوں کا بوجھ، ڈالر کی اڑان، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا جن بےقابو ہو گیا۔ ٹیکسز کی بھرمار سے بھی شہری پریشان ہیں تو مشرقی اور مغربی سرحدوں پر تناو سے صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی۔
تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو مسائل سوچ سے بھی زیادہ نکلے۔ خزانہ خالی تھا جبکہ غیر ملکی قرض کی ادائیگیاں سر پر تھیں۔ دوست ممالک سے تعاون سے بات نہ بنی تو سخت شرائط کے باوجود آئی ایم ایف کے پاس جانا ہی پڑا جبکہ بجٹ میں بھی کڑے فیصلے کیے گئے، سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو چومکھی لڑائی لڑنا پڑی۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت نالائق ہے، ایک سال میں دعووں کے سواء کچھ نہیں کیا۔ عوام کے لیے جینا بھی مشکل ہو چکا۔ شہریوں نے بھی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کسی بھی جگہ ریلیف نہیں ملا۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ رواں سال حکومت کا بڑا امتحان ہے، معاشی اہداف حاصل نہ ہوئے تو حالات سنگین صورتحال اختیار کر سکتے ہیں۔