اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس نے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی، اجلاس نے ثابت کیا کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارتی وزیر دفاع کا بیان آر ایس ایس کی انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس ہے، یہ اپنے مذموم عزائم کے حصول کیلئے دنیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں، راج ناتھ سنگھ کا بیان پوری دنیا کیلئے دھمکی ہے، عالمی برادری کو غیر ذمہ دارانہ بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگا، ایسے بیانات عالمی قوانین اور امن کیلئے کھلا چیلنج ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا عمران خان کشمیریوں کے حقیقی ترجمان بن کر ابھرے ہیں، بھارتی جبر نے مظلوم کشمیریوں کی آواز محصور اور خاموش کی ہوئی تھی، کل کشمیریوں کی گونج دنیا کے سب سے بڑے سفارتی فورم پر سنائی دی۔