مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 13 August,2019 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکتا۔ چین نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔ کشمیر کا محاذ ہمارے دل کے قریب ہے۔ جغرافیائی محاذ پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ دونوں محاذ انشاء اللہ جیتیں گے۔

 

کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے، حق خود ارادیت کے لیے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو مقدس تہوار منانے سے روکا گیا جو سیکولر بھارت کا مودی کے ہاتھوں قتل کے مترادف ہے، کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو عظیم مسئلہ کو ابو بچاؤ مہم سے نہ جوڑیں۔ پیپلز پارٹی چیئر مین جان لیں سندھ میں ان کی کرپشن کی داستانیں عام ہیں۔ 14 اگست کو قوم کے ہیرو اور مسیحا بن کر سامنے آئیں۔ کرپشن کے خاتمے کا اعلان کریں، سندھ کو مثالی صوبہ بنائیں، عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں، کشمیر پر سیاست نہ کریں، ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اس مسئلے کو کرپشن کی نظر نہیں ہونے دیں گے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر کے مسئلے پر آگے بڑھیں گے تو ہم آپ کے ساتھ قدم بہ قدم چلنے کے لیے تیار ہیں۔ کاروباری مفاد میں ہم کچھ نہیں کر سکتے، پھوپھو اور ابو بچاؤ مہم کے لیے عدالت جائیں اور وہاں سے ریلیف حاصل کریں۔ حکومت کرپشن کے معاملے پر آپ کو ریلیف نہیں دے سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹیز کو کون بھیجتا ہے۔ یہ دیکھنا ہے ٹی ٹیز میں بنیفیشری کون تھا، بلاول بھٹو خوامخواہ کرپشن بچاؤ مہم کو عظیم مسئلے کی طرف لے جا رہے ہیں۔

 

Advertisement