اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کوئی لچک نہیں دکھائے گا، کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی نے ثابت کر دیا کہ بھارت ایک انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے، بھارت کے ساتھ ہر قسم کے ثقافتی تعلقات ختم کرنے جا رہے ہیں، پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلم، ڈرامے دکھانے پر مکمل پابندی لگانے جا رہے ہیں، پاکستانی حکومت ہر وہ قدم اٹھائے گی جس سے کشمیریوں کے زخموں پر مرحم رکھا جاسکے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، تمام مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کا ساتھ دیں، پاکستان سلامتی کونسل میں کشمیریوں کا مقدمہ لے کر جا رہا ہے، اقوام متحدہ مشرقی تیمور اور سوڈان کی طرح کشمیر میں بھی کردار ادا کرے، بھارت نے کشمیر میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔