اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے ایس ای سی پی کے چئیرمین پالیسی بورڈ خالد مرزا کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ مسعود علی نقوی ایس ای سی پی پالیسی بورڈ کے نئے چئیرمین تعینات کردئیے گئے۔ عامر خان کو نیا چئرمین ایس ای سی پی تعینات کر دیا ہے، کابینہ نے موجودہ چئرمین فرخ سبزواری کو عہدے سے ہٹادیا عامر خان کمشنر سپیشلائز کمپنیز ڈویژن کے عہدے پر کام کررہے تھے، فرخ سبزواری کو یکم جنوری 2019 کو تعینات کیا گیا تھا۔
دنیا نیوز کے مطابق وفاقی کابنیہ کی طرف سے فیصلہ کے بعد چیئر مین پالیسی بورڈ خالد مرزا کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ علی نقوی کو ایس ای سی پی پالیسی بورڈ کا نیا چیئر مین تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ کرکٹ بورڈ 2019ء کے آئین کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔ کسی صورت لچک نہیں دکھائیں گے۔ جو وزیراعظم عمران خان کہہ رہے تھے وہ ہی اقوام متحدہ کہہ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر خطے کی صورتحال سے کابینہ کو آگاہ کیا ہے۔ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔ ایک انچ بھی کشمیر سے اور پاکستان کے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر فواد چودھری میرے بھائی ہیں، دل کے قریب ہے وہ ہلکی موسیقی کابینہ میں جاری رکھتے ہیں، اسی موسیقی سے کابینہ کا موحول خوشگوار رہتا ہے، آج فواد چودھری کی موسیقی کی زد میں شیخ صاحب اگئے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے حوالے سے کافی کارنامے میں ٹویٹ میں بیان کر چکی ہوں۔ کلبھوشن کے حوالے سے ن لیگ کے کسی لیڈر سے اس کی مذمت نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ساڑیوں کی تبادلے کو مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کیوں بھول گئے ہیں، شہباز صاحب کو گلابی پگڑیاں بھول گئی ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کراچی صفائی کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کو ایک کلیدی کردار سونپا ہے۔ کلین کوکنگ سٹور کا ایک نظریہ پیش کیا گیا ہے۔ ماڈل ٹھیلوں کی تجاویز پیش کی گئی، اس سے کلچر پروموٹ ہوگا، خواتین کو ریلوے اسٹیشن میں اپنی آرٹ ، ثقافتی روثہ کے حوالے سے ٹھیلے کی الاٹمنٹ کے حوالے سے ترجیح دی جائیگی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 40 سال بعد ریجنل کرکٹ کی طرف واپسی ہوئی ہے۔ آج کرکٹ کے سٹرکچر کو بدلنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئے آئین میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کو علیحدہ کر دیا گیا ہے۔ نئے آئین میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں بلوچستان، سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، نادرن، سدرن پنجاب اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشنز بھی شامل ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ نوجوانوں اور مزدوروں کو خصوصی مراعات دی جائینگی ، لنگر خانے کھولے جائیں گے جہاں غریبوں و مساکین کو دو وقت کی روٹی دستیاب ہوگی، عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔