پیرس: (دنیا نیوز) نریندر مودی کے پیرس پہنچنے پر یورپ میں بسنے والے پاکستانیوں، کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک پنجرے میں بند نوجوانوں نے اپنے آپ کو زنجیروں میں جکڑ کر نہتے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
مودی جہاں پہنچے لعنت و ملامت کی علامت بن گئے۔ پیرس آمد کے موقع پر پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مودی اور بھارتی فوج کیخلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے پیلٹ گن سے معذور اور بینائی سے محروم ہونےوالے بچوں کے پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے میں شریک نوجوانوں نے اپنے آپ کو زنجیروں میں جکڑکر نہتے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرے میں شریک ایک لڑکی نے دنیا نیوز کو بتایا کہ مودی سرکار کا اقدام آئین و جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔
مظاہرے میں شریک پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ خالصتان اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ مظاہرے میں برطانیہ، اٹلی، بیلجئم، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی سے لوگوں کی بڑی تعداد آئی۔ بھارتی وزیراعظم آج یونیسکو میں ہونیوالے جی سیون اجلاس میں شرکت کرنے پہنچے تھے۔