پیرس: (روزنامہ دنیا) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اپنے پہلے غیر ملکی دورہ میں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے صدارتی محل میں انکے سامنے پاؤں ٹیبل پر رکھ کر بیٹھ گئے۔
برطانوی وزیر اعظم کے اس انداز میں پاؤں پھیلا کر بیٹھنے کی تصویر کو دنیا بھر کے صحافتی اداروں نے خصوصی اہمیت دی جبکہ اس بے تکلف انداز پر فرانس و برطانیہ میں خوب تبصرے بھی کئے گئے۔
برطانوی وزیر اعظم نے ایک ماہ بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ میں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے ان کے ’ایلیسی محل‘ میں ملاقات کی، اس دوران کیمرہ مینوں اور صحافیوں کی موجودگی میں وہ ٹیبل پر پاؤں رکھ کر بیٹھ گئے اور صحافیوں کیساتھ مذاق بھی کرتے رہے جبکہ اس دوران فرانسیسی صدر محظوظ ہوتے رہے۔
دونوں کے درمیان یہ ون آن ون ملاقات صحافیوں سے گفتگو کے بعد ہوئی جس میں فرانسیسی صدر نے کہا تھا کہ بریگزٹ ڈیل کو دوبارہ سے لکھنے کا وقت نہیں ہے، جبکہ ملاقات کے بعد انکا کہنا تھا کہ بات چیت کافی تعمیری رہی ہے۔