سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے معصوم بچوں پر مظالم کی انتہا کردی۔ بھارتی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق کشمیری بچوں کو بھارتی فوج ایک مہرے کی طور پر استعمال کرتی رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی چھپن روز سے جاری ہے۔ بھارتی میڈیا نے کشمیری بچوں پر روا رکھے گئے ظلم کا پردہ فاش کردیا ہے۔
بھارتی ماہرین قانون نے ہندوستانی اخبار دی ہندو میں کشمیری بچوں پر لرزہ خیز مظالم کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ ضلع شوپیاں میں ہر تیسرا بچہ نفسیاتی بیماری کا شکار ہے۔
مقبوضہ وادی کے بچے ہتھکڑیوں اور بندوقوں کے سائے میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ کئی معصوم پھولوں کے والدین لاپتا ہونے کے باعث ان کے ناتواں کندھوں پر گھر کی کفالت کی ذمہ داری آ گئی ہے۔
پانچ اگست کے بعد صورتحال اور گھمبیر ہوگئی۔ ہزاروں بچوں کو گھروں سے اٹھا لیا گیا۔ مقامی این جی اوز نے بچوں کی تلاش میں بلکتی ماؤں کی دل سوز داستانیں بیان کیں۔
بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی حکومت نے کشمیر کے بچوں کو مہروں کے طور پر استعمال کیا۔ بڑوں کی مزاحمت روکنے کے لئے بچوں پر تشدد کیا گیا۔
انیس سو نوے سے دو ہزار پانچ تک بھارتی فوج نے چھیالیس سکولوں پر قبضہ کیا، چار سو کے قریب سکولوں کو تقریباً ناکارہ بنایا جبکہ کشمیری عوام گرفتاری کے خوف سے بچوں کو سکول نہیں بھیج رہے۔