دنیا ساتھ دے یا نہ دے، ہم کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 29 September,2019 09:30 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم کرنے والی مودی کی فاشسٹ حکومت کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔ قوم کی دعاؤں سے مسئلہ کشمیر جنرل اسمبلی میں اٹھایا۔

وزیراعظم عمران خان کامیاب کشمیر مشن کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر موجود شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

ایئرپورٹ پر ہزاروں کے مجعمے کے سامنے خصوصی خطاب میں عمران خان نے مشن کشمیر کی کامیابی کیلئے عوام اور خاص طور پر اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے میرے لیے بہت دعائیں کیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارت نے کرفیو میں بند کرکے رکھا ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دنیا ساتھ دے یا نہ دے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں کیونکہ یہ ایک جہاد ہے، ہم نے اپنے اللہ کو خوش کرنا ہے۔ ہم ہر فورم کے اوپر مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت کو کو بے نقاب کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدوجہد اونچ نیچ کا نام ہے۔ میرے پاکستانی بھائیو! برے وقت میں مایوس نہیں ہونا، کوشش انسان کی ہوتی ہے، کامیابی اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔ انشاء اللہ کشمیر کے لوگ آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 7 روز کا دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے گزشتہ شب روانہ ہوئے تھے، وہ نیویارک سے جدہ پہنچے جہاں کچھ دیر قیام کے بعد وہ وطن روانہ ہوئے تھے۔

Advertisement