وزیراعظم سمیت سیاسی جماعتوں کا چمن دھماکے پر افسوس کا اظہار

Last Updated On 28 September,2019 11:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے چمن میں ہونے والے دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کی شہادت پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی مذمت کی اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے شہید ہونے والوں کے خاندانوں سےاظہارتعزیت اور صبرجمیل کی دعا بھی کی۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چمن دھماکے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے۔

اعجازشاہ کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد اور انکے لواحقین کے لئے دعا گو ہیں- حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم و حوصلے کو پست کرنے کی یہ انتہائی بزدلانہ کوشش تھی، ملک دشمن عناصر اس بات سے خوف زندہ ہیں کہ چمن میں معمول زندگی بحال اور بہتری کی طرف جا رہے ہیں- اعجازشاہ

ان کا کہنا تھا کہ ہم تجارت سے لے کر بارڈر سکیورٹی پر ہونے والا کام جاری رکھنے کو یقینی بنائیں گے اور اس قسم کے بزدلانہ اقدام کو اپنے بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر سازش کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مولانا محمد حنیف کی شہادت پر افسوس ہے، مولانا محمد حنیف کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرےت ہیں۔

انہوں نے چمن دھماکے کے زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش ہے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عدم عملدرآمد دہشتگردی کے لئے ہمت افزائی کا موجب بن رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے بھی چمن میں دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے، شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے، بزدل دشمن کو بزدلانہ کارروائیوں سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بم دھماکےکی مذمت کرتے ہیں، دھماکے میں جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کے شہید ہونے پر دکھ ہے اور لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ دہشت گردی میں ملوث عناصرکو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے، مولانا محمد حنیف ایک اچھےعالم دین اور نفیس انسان تھے۔

اسپیکربلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی بم دھماکےکی مذمت کی اور دھماکے میں جعمیت علماءاسلام کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کے شہید ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبہ مولانا محمد حنیف جسیے اچھےعالم دین اورنفیس انسان سے محروم ہو گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چمن میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور مولانا حنیف کے جاں بحق ہونے پر اظہار رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ خطرناک رجحان اور لمحہ فکریہ ہے، دہشت گردی کے ایسے واقعات ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے، سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی سازش گھناؤنی چال ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

قائد حزب اختلاف نے مولانا حنیف کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔