مودی کا مکروہ چہرہ بےنقاب کرنے کا مشن کامیاب، وزیراعظم جدہ سے وطن روانہ

Last Updated On 29 September,2019 12:33 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکا کے بعد وطن واپسی کے لیے نیویارک سے جدہ پہنچے جہاں‌ وہ کچھ دیر قیام کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم کی اسلام آباد آمد پر شاندار استقبال کی تیاریاں‌ کر رکھی ہیں.

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان 7 روز کا دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے گذشتہ شب روانہ ہوئے تھے، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان جدہ سے وطن واپسی کے لیے نجی پرواز سے روانہ ہوئے۔  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی پر بھرپور استقبال کرنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں۔

  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بارے میں جتنا اللہ کا شکر ادا کیا جائے کم ہے، دورہ بہت مفید رہا، امریکا میں 70 کے لگ بھگ ملاقاتیں ہوئی ہیں، 50 میٹنگ پہلے ہوئی ہیں کل ملا کر میں نے وزیراعظم عمران خان نے 120 ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں تھنک ٹینک، ایڈیٹوریل بورڈ سمیت دیگر ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران 25 سے 30 ہزار لوگ یو این اسمبلی کے باہر موجود تھے، 72 سالہ تاریخ میں اتنا بڑا اجتماع نیو یارک میں دیکھنے میں نہیں آیا، اس وقت 65ء والا جذبہ عوام میں دیکھنے میں آیا ہے۔

یاد رہے کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی جس میں کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے عالمی ادارے پر کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لینے پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سے ملاقات کی اور عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازع جموں و کشمیر کے حل میں مدد اور انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی۔