اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے۔ عالمی ضمیر کو جگانے کی کوشش کی۔ کل کشمیر کا مقدمہ مرد مجاہد بن کر لڑا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں واضح کیا کہ اسلام ایک ہی ہے، اب مسلم امہ انشا اللہ پاکستان کی طرف دیکھے گی۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اسلام کا اصل چہرہ بتانے کی کوشش کی۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کرنیوالوں کو عمران خان کا ماتھا چومنا چاہیئے۔ ہمارے لیڈر نے کل دوٹوک بتادیا جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوگا تب تک اسرائیل کو قبول نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے ویژن کی تکمیل کیلئے سٹیٹ بینک نے اہم قدم اٹھایا، تعمیر اور استحکام پاکستان میں خواتین کا کردار اہم ہوگا، صنعتیں لگیں گی تو روزگار میں اضافہ ہو گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کو قرضوں کے دلدل میں دکھیلا، حکومت نے ایک سال میں کفایت شعاری کی مد میں 37 فیصد بچت کی۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ معاشی محاذ پر لڑنے کیلئے ہمیں خواتین کو بااختیار بناناہوگا۔ سیالکوٹ میں ویمن بزنس چیمبر کا قیام عمل میں لائیں گے۔ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ادارہ چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے دیتا ہے۔ 2023ء تک ایس ایم ایز کے ذریعے ایک کھرب 9 سو ارب روپے مستحق افراد کو قرض دیئے جائینگے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان نے وہ کیا جو کرنا چاہیے تھا، عمران خان نے کشمیر کا جو مقدمہ لڑا ہے وہ کئی دہائیوں سے نہیں لڑا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے دوران جو وزیراعظم نے مغرب کو آئینہ دکھایا ہے اس کی مثال بھی اس سے پہلے نہیں ملتی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ مغرب میں چوری کا پیسہ چھپانے کے لئے قانون بنائے جاتے ہیں اور آسانی دی جاتئ ہے اب ہم گورے آقاؤں کے سامنے آنکھیں نیچے کر کے بات نہیں کریں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو کہتا ہوں کہ اگر اس سے بہتر مقدمہ پیش کر سکتے ہیں تو کرلیں، پی ٹی آئی کی اپنی حکومت کو بھی کہتا ہوں کہ بلاول بھٹو کو سپورٹ کریں تا کہ وہ کشمیر کامقدمہ بہتر انداز میں پیش کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نظام پہلے چل رہا تھا اس سے مسائل پہلے کی نسبت بڑھ رہے تھے کچھ فیصلوں نے اچھے اثرات ہوتے ہیں جبکہ کچھ فیصلوں کے نتائج اتنے اچھے نہیں آتے، ورلڈ بینک کے صدر نے کہا ہے کہ پاکستان انوسٹمنٹ کرنے کے حساب سے دنیا کے پہلے 20 ممالک میں آتا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پاچماتھو کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں 20 اصلاحات کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ اسلام آباد نے 6 اہم اصلاحات کی ہیں۔ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں ان میں کاروبار شروع کرنا، کنسٹرکشن پرمٹس شامل ہیں، اصلاحات میں بجلی کنکشنز، پراپرٹی رجسٹریشن، ٹیکسوں کی ادائیگی بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں جرأت اور مدلل انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، ان کی تاریخ ساز تقریر کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور ترجمانی کا حق ادا کیا ہے، عمران خان نے بھارت کے فاشسٹ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا، یہ تقریر مودی سرکار کے خلاف چارج شیٹ اور دنیا کیلئے وارننگ ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر ہیں، تقریر کا ایک ایک لفظ دل سے نکلا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کا مقدمہ مدبر بن کر لڑا ہے، پاکستان کے کسی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں ایسی بے لاگ اور دلیرانہ تقریر نہیں کی، وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت اور اس کے ہولناک نتائج سے آگاہ کیا۔