پاکستان چین دوستی ہر مشکل امتحان میں پورا اتری ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 23 September,2019 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان چین دوستی ہر مشکل امتحان میں پورا اتری ہے، چین ہر شعبے میں ہمارا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔

اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کی 70ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کو اپنا حقیقی اور مثالی دوست سمجھتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان کئی نسلوں سے دوستی ہے دونوں ملکوں کے درمیان پرجوش عوامی رابطے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین خطے کے معاشی اور سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری خطے کی معاشی ترقی کی ضمانت بنے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ چین ہر شعبے میں ہمارا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔ پاکستان چین دوستی ہر مشکل امتحان میں پورا اتری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وہ دن دورنہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔
 

Advertisement