وزیراعظم جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 22 September,2019 08:13 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دہشتگرد مودی کشمیری نوجوانوں کی بینائی چھین رہا ہے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں سب سے پہلے اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے لیکن مخالفین جن کو گھر والے بھی نہیں جانتے وہ ٹی وی پر آ کر کہتے ہیں حکومت فیل ہوگئی۔ سیاسی بلوغت سے عاری لوگ روز حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے سیاست کو کاروبار بنایا۔ جمہوریت کے نام پر ذاتی مفادات کا تحفظ کیا گیا۔ سیاست کا نام نہاد چیمپئن آج کل نیب کے شکنجے میں ہے۔ جب یہ پکڑے جاتے ہیں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ وزیراعظم گلے سڑے نظام سے ملک کو نجات دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف وزیراعظم قوم کے لیے بے چین ہے تو دوسری طرف مولانا فضل الرحمان 22 نمبر بنگلے کے لیے بے چین ہیں۔ مولانا پہلی دفعہ 22 نمبر بنگلے کے غم کی وجہ سے ہوش میں نہیں آ رہے۔ چوروں کی آزادی کے لیے چندا اکٹھا کرکے مارچ کرنا چاہتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد مودی کشمیری نوجوانوں کی بینائی چھین رہا ہے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے قلیل عرصے میں ملکی معیشت کو مستحکم کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ جیبیں بھرنے کے بجائے ملکی خزانہ بھرا جا رہا ہے۔
 

Advertisement