پاکستان کا آئین اور قانون کچھ لوگوں نے گروی رکھ دیا، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 20 September,2019 11:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اور قانون کچھ لوگوں نے گروی رکھ دیا ہے۔ 72 سالوں کا گند ایک دم صاف نہیں ہوتا، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کاروباری خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں کسی بڑے جاگیردار یا سرمایہ دار کی بیٹی نہیں ہوں۔ میں نے آج تک اپنے لئے نہیں دوسروں کیلئے سوچا ہے۔ بیورو کریٹیک سٹائل کو ختم کرنا ہوگا۔

ماضی کے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اور قانون کچھ لوگوں نے گروی رکھ دیا۔ روز ایک نیا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔ ہمارے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت نہیں، اسی لئے ہمارے لائے ہوئے بل منظور نہیں ہوتے۔ کبھی کہا جاتا ہے مجھے کیوں نکالا، کبھی اور کوئی بات کر دی جاتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ نیا اور بدلا ہوا پاکستان ہے۔ تبدیلی کا سفر ہے اور رکاوٹیں بھی ہیں۔ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، بہتر سال کا گند ایک دم صاف نہیں ہو سکتا۔ مہنگائی ضرور ہے مگر آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ ایک سال میں اچھی خاصی تبدیلی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خواتین کو ہر قسم کی سہولیات دی جائیں، وزیراعظم کا ویژن ہے۔ آپ کو وراثت میں بنیادی حق دیا گیا، قانون میں تبدیلی کرنی پڑی مگر قانون پاس کیا گیا۔ آپ کو اسمبلی میں حصہ دار بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کیلئے اور کاروبار کیلئے آسانی پیدا کر رہے ہیں۔ کاٹج انڈسٹری میں خواتین کو قرضہ دے کر آگے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمارا دین مکمل نہیں ہوتا جب تک حقوق العباد کی بات نہ کی جائے۔ ہمارے دین نے عورت کو تحفظ اور ایک شناخت دے کر عزت دی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کا محور ریاست مدینہ سے جڑا وہ روڈ میپ ہے جو پاکستان کی تقدیر کو بدل سکتا ہے۔ یہی وہ پیش قدمی ہے جو چیلنجز کو بدل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج کلین گرین پاکستان کے سلوگن کے ساتھ ہم چل رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بلین ٹری کا آغاز کیا جو آج ایک تحریک بن چکی ہے۔ ہر بندہ درخت لگا کر خود کو دنیا اور آخرت میں سرخرو کرنے میں مصروف ہے۔
 

Advertisement