اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان وزیراعظم عمران خان اور پاکستان پر اعتماد ہے، وزیراعظم نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، علاقائی امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم مؤثر انداز سے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کا محور تنازع کشمیر تھا، 80 لاکھ کشمیری مقبوضہ وادی میں محصور ہیں، عمران خان نے دنیا کو باور کرایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا امریکی صدر سے ملاقات میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرانے پر زور دیا، صدر ٹرمپ نے بیان دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان پر اعتماد ہے ، ایران سے بات کرنے کا مینڈیٹ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اعتراف ہے، وزیراعظم نے دیگرممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے دیگر ممالک کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔