پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں مسجد کے باہر فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آ کر دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’’بی بی سی‘‘ کے مطابق فرانس کے شہر بیون کی مسجد کے باہر فائرنگ ہوئی، فائرنگ کی زد میں آ کر دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد پر فائرنگ کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے 84 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ مشتبہ شخص سے بندوق، گیس سلنڈر اور گرنیڈز برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مسجد کے دروازے کو آگ لگانا چاہتا تھا، آگ لگانے سے روکنے پر ملزم نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر دو افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال نیوزی لینڈ میں مسجد پر خوفناک حملہ ہوا تھا، جس میں مسلمانوں کی بڑی تعداد شہید ہوئی تھی۔ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے دنیا بھر میں آگاہی مہم اور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔