افغانستان: طالبان کے حملے میں کمانڈر سمیت چار اہلکار ہلاک

Last Updated On 06 November,2019 05:38 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صوبے بلخ میں پولیس اور طالبان کے درمیان تصادم کے بعد کمانڈر سمیت چار اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔

افغان میڈیا طلوع نیوز کے مطابق یہ لڑائی افغانستان کے صوبے بلخ میں ہوئی، اس کارروائی کے دوران چار پولیس اہلکار ہلاک ہوئے، ان اہلکاروں میں پولیس کمانڈر بھی شامل ہے، جوابی کارروائی میں چھ طالبان ہلاک جبکہ چار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان پولیس عادل شاہ عادل کا کہنا ہے کہ تصدیق کرتا ہوں کہ طالبان کے ساتھ لڑائی کے دوران چار پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر 209 شاہین کور منتقل کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس حملے میں پانچ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں جس میں پولیس کمانڈر بھی شامل ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کاپیسا صوبے میں دھماکے کے نتیجے میں افغان فوجی جاں بحق ہوا ہے، دھماکے میں 10 شہریوں سمیت 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری طرف سکیورٹی ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی طرف سے تاجکستان اور ازبکستان کی سرحد کے قریب حملہ کیا گیا، اس حملے کے دوران 15 افراد ہلاک ہوئے جن میں دہشتگرد، گارڈ اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کا تعلق داعش سے تھا۔