لاہور: (ویب ڈیسک) بُرکینا فاسو میں کان کنی کرنے والی غیر ملکی کمپنی کے قافلے پر حملے کے باعث 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 60 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پانچ کے قریب بسیں ملازمین کو لے کر جا رہی تھیں، بُونگو کے قریب حملے ہو گیا، اس دوران فوجی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بھی بنایا گیا۔ تاحال ہلاک ہونے والوں کے نام نہیں بتائے گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 15 ماہ کے دوران مذکورہ کمپنی پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔ مغربی افریقا میں شدت پسندی کے واقعات اکثر دیکھنے کو ملتے رہتے ہیں، ان حملوں کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں لوگ زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
علاقائی گورنر نے بتایا کہ یہ خونریز کارروائی ایک ایسی جگہ کے قریب کی گئی، جہاں کینیڈا کی ایک کمپنی کان کنی کرتی ہے۔ اس حملے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے علاوہ ساٹھ کے قریب افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کینیڈا میں مانٹریال کی مائننگ کمپنی نے بتایا کہ حملہ مشرقی بُرکینا فاسو میں اس کی بُونگُو کے مقام پر واقع ایک کان سے تقریباﹰ چالیس کلومیٹر دور پیش آیا۔ یہ کینیڈین کمپنی بُرکینا فاسو میں دو کانوں سے سونا نکالتی ہے۔
کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ہماری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سکیورٹی کے معاملات پر ہم انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے تھے۔