کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے قندوز میں دھماکے کے باعث بچوں، خواتین سمیت دو خاندانوں کے 13 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق قندوز میں دھماکے کے بعد 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں 6 خواتین، 6 بچے اورایک مرد شامل ہے۔ سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ ضلع امام صاحب میں مقامی وقت کے مطابق چار بجے پیش آیا جہاں دو خاندان کے افراد شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ جس کے باعث بچوں، خواتین سمیت 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ طالبان سمیت کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دھماکے میں زندہ بچ جانے والے شخص کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان والے امام صاحب سے شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، راستے میں ہماری گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، اس حادثے کے نتیجے میں میری بیوی، چار بچے، ماں، بہن اور دو بھانجے بھی ہلاک ہو گئے۔
سرکاری حکام کے مطابق اس حادثے کے بعد تمام لوگ غمزدہ ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ بارودی سرنگ طالبان کی طرف سے بچھائی گئی تھی، اس کی وجہ سے 13 معصوم لوگ زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔