کابل: (ویب ڈیسک) عالمی امدادی تنظیم انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کاکہنا ہے کہ طالبان نے افغان سیکیورٹی فورسز کے 10 فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔
آئی سی آر سی کا ایک بیان میں کہا تھا کہ 10 فوجیوں کو افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے ضلع نہر سراج میں رہا کیا گیا ہے اور انہیں عالمی تنطیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
افغانستان کے لیے آئی سی آر سی کے نمائندہ یوان پیڈرو کے مطابق رہائی پانے والے قیدیوں کو افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ طالبان کی طرف سے 10 افغان قیدیوں کی رہائی ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب رواں ہفتے ہی افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
طالبان نے امریکی یونیورسٹی کے دو مغوی پروفیسروں کو حقانی نیٹ ورک کے تین رہنماؤں کے بدلے میں رہا کیا تھا۔
دوسری جانب امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے طالبان کی طرف سے 10 افغان فوجیوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت قیدیوں کے تبادلے کے بعد ہوئی ہے۔
خلیل زاد نے اپنی ٹوئٹ میں اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ یہ اقدامات تشدد میں کمی اور سیاسی تصفیے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام افغانستان میں امن و سلامتی کے خواہش مند ہیں اور ہم اس خواہش کی تکمیل کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔