اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی اور علاقائی امور، دو طرفہ تعلقات اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور اس سے متعلق ان کے موقف کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغربی یرغمالیوں کی افغانستان میں رہائی مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستانیوں کو اس پر خوشی ہے کہ وہ محفوظ اور آزاد ہیں۔ افغان امن اور مفاہتی عمل کیلئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مثبت عمل کی سہولت کاری کیلئے پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ واشنگٹن میں ملاقاتوں کے تناظر میں دو طرفہ تعلقات مستحکم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔