واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) ٹرمپ کے مواخذے کیلئے اہم گواہ یورپی یونین میں امریکی سفیر گورڈن سونڈ لینڈ نے جوبائیڈن کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کیلئے امریکی صدر کی طرف سے یوکرائن پر دباؤ ڈالنے کی تصدیق کر دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی انکوائری کے سلسلے میں ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رو برو سونڈ لینڈ نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ صدر ٹرمپ اپنے سیاسی حریف جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات کیلئے یوکرائن پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم انہوں نے صدر کے احکامات پر عمل کیا۔
گورڈن نے مزید کہا ٹرمپ سے کبھی یہ نہیں سنا کہ فوجی امداد تحقیقات کے اعلان سے مشروط ہے۔ ادھر صدر ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ سفیر گورڈن سونڈلینڈ کو وہ زیادہ نہیں جانتے تاہم امریکی صدر مواخذے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سامنے خود پیش ہونے کا عندیہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔