نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں شہریت کے متنازع بل کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ آسام کے شہر گوہاٹی میں ہونے والے مظاہرے میں پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
شہر میں کرفیو کے باوجود جگہ جگہ لوگ سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے گوہاٹی ہائی کورٹ کے سامنے ایک بڑے میدان میں جلسہ کیا اور پر امن مظاہرہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
آسام کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی متنازع بل کے خلاف ہڑتال اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پیش آئے۔ پولیس نے مظاہرین پر ہلہ بول دیا اور لاٹھی چارج کے بعد شدید شیلنگ کی جس سے کئی مظاہرین دم گھٹنے کے سبب خاموش ہو گئے، پولیس نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ روایتی ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نیتجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔