جمہوریہ چیک: حملہ آور نے ہسپتال میں چھ افراد ہلاک کر کے خود کشی کر لی

Last Updated On 10 December,2019 05:53 pm

پراگ: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کے ملک جمہوریہ چیک کے ایک ہسپتال میں فائرنگ کے باعث چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور نے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔

جمہوریہ چیک کے اخبار ڈی این ایس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اوسٹراوا شہر میں واقع ہسپتال کے ٹراما سنٹر میں پیش آیا۔ اوسٹراوا پولینڈ کی سرحد کے قریب اور دارالحکومت پراگ سے شمال مشرق میں قریب دو سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اور اس کی مجموعی آبادی دو لاکھ نوے ہزار کے قریب ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہر اوسٹراوا میں واقعہ آج صبح بجے پیش آیا۔ حملہ آور نے چھ افراد کے قتل کے بعد خو کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ملک کے مشرقی شہر اوسٹراوا کے ہسپتال میں حملے میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے کے چند منٹ بعد ہی وقوعہ پر پہنچ گئی اور ہسپتال خالی کرا کے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی تلاش شروع کر دی۔

وزیراعظم آندرے بابیش کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ہسپتال میں بیرونی مریضوں کے لیے موجود ویٹنگ روم میں پیش آیا اور حملہ آور نے انتہائی قریب سے لوگوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے ٹویٹر پر مشتبہ شخص کی تصویر شائع کی جس میں سرخ جیکٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے لیکن بعد میں کہا گیا کہ تصویر میں واقعے کے ایک اہم گواہ دکھایا گیا تھا جبکہ پولیس کسی اور شخص کی تلاش میں تھی۔

سرکاری حکام نے عوام سے پر امن رہنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی استدعا کی ہے۔ پولیس نے ملک میں سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔