چلی کا فوجی طیارہ براعظم انٹارکٹکا میں لاپتہ، ریسکیو مشن روانہ

Last Updated On 10 December,2019 04:33 pm

سنتیاگو: (دنیا نیوز) چلی کا فوجی طیارہ براعظم انٹارکٹکا میں لاپتہ ہو گیا، طیارے میں 3 سویلین افراد سمیت 38 افراد سوار تھے۔ گم شدہ طیارے کی تلاش کیلئے ریسکیو مشن روانہ کر دیا گیا۔

چلی کی فضائیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں عملے کے 17 افراد اور 21 مسافر تھے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق مسافروں میں 3 سویلین افراد بھی شامل ہیں۔ سی 130 ہرکولیس طیارے نے مقامی وقت کے مطابق شام کے 4 بجے چلی کے پنٹا اریناز ائیرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کا ایک گھنٹے پانچ منٹ بعد کنڑول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

چلی کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی تلاش کا کام جاری ہے، 2 ایف 16 طیارے تلاش کیلئے جانیوالے 4 بحری جہازوں کی حفاظت کیلئے روانہ کئے گئے ہیں۔ چلی کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔