بھارت پرنظریاتی جنونیوں کی حکومت، کشمیریوں کو تعصب کا نشانہ بنا رہے ہیں، بلوم برگ

Last Updated On 10 December,2019 02:14 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے بلوم برگ نے بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کر دیا، بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بھارت پرنظریاتی جنونیوں کی حکومت ہے جو کشمیری مسلمانوں سمیت بھارت میں رہنے والے مسلم اور دیگر اقلیتوں کو اپنے تعصب کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

امریکی جریدے بلوم برگ نے مودی سرکار کے جھوٹے دعوؤں کا بھانڈا پھوڑ دیا، بلوم برگ کا کہنا ہے کہ بھارت کی سیاست اور سول سوسائٹی پر ہندو بالادستی کی تحریک نے قبضہ کر لیا ہے، بھارت پر نظریاتی جنونی حکومت کر رہے ہیں۔ جو کشمیری مسلمانوں سمیت بھارت میں رہنے والے مسلم اور دیگر اقلیتوں کو اپنے تعصب کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر کرفیو نافذ کر کے مسلمانوں کواجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور بھارت میں میڈیا اور عدلیہ جبر کا شکار ہیں۔ امریکی جریدے نے لکھا کہ حکومت پرتنقید کرنے والوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جاتی ہے، اوباما نے مودی کو بھارت کا ریفارمر انچیف کہا تاہم صورتحال اس کے برعکس ہے۔ مودی کی پالیسیوں سے بھارتی معیشت خسارے کی جانب گامزن ہے۔

شہریت کے متنازع ترمیمی بل کی لوک سبھا میں منظوری کیخلاف بھارت کی جنوب مشرقی ریاستوں میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ آسام میں ہڑتال جاری ہے، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں اورٹرانسپورٹ بھی معطل ہے جبکہ مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔