بغداد: (روزنامہ دنیا) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوائی اڈے کے قریب دو راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 6 فوجی زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دو مارٹر بم عراق میں بلد عسکری اڈے کے اندر گرے تھے جہاں موجود امریکی فوج کو نشانہ بنایا گیا۔ بلد ایئربیس بغداد کے شمال میں 80 کلو میٹر دور ہے جہاں امریکی فوج اور ا س کے کنٹریکٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔
دوسری جانب عراق کے شہر کربلا میں ایک سول سوسائٹی کارکن فاہم الطائی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ادھر عراق کی عدلیہ نے مظاہروں کے دوران حراست میں لئے گئے 2626 پرامن مظاہرین کو رہا کردیا ہے۔ دوسری طرف بغداد میں طلبا کی بڑی تعداد نے مظاہرین کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے جلوس نکالے۔
دریں اثنا عراقی دارالحکومت بغداد میں جاری مشترکہ آپریشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل قیس محمود عاوی کو عہدے سے واپس لے لیا گیا۔ محمود عاوی کی جگہ اب جنرل عبدالحسین التمیمی کو فائز کیا گیا ہے۔