چین اور امریکا کے درمیان پہلے فیز کے تجارتی معاہدے پر وائٹ ہاؤس میں دستخط

Last Updated On 16 January,2020 01:03 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) چین اور امریکا کے درمیان پہلے فیز کے تجارتی معاہدے پر وائٹ ہاؤس میں دستخط کر دیئے گئے، چین امریکہ سے 200 ارب ڈالر کی مصنوعات خریدے گا۔ دونوں ممالک نے اسے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

چین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کے پہلے فیز پر دستخط کر دیئے گئے، وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں امریکا کی طرف سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کی طرف سے نائب وزیراعظم لیوہی نے دستخط کیے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کو امریکی معیشت میں بڑی تبدیلی قرار دیا، چین اور امریکہ نے 23 ماہ تک تیرہ ادوار پر مشتمل اعلی سطحی مذاکرات کے بعد یہ کامیابی حاصل کی۔

پہلے مرحلے کے معاہدے میں علمی اثاثہ جات، ٹیکنالوجی کی منتقلی، خوراک اور زرعی مصنوعات، مالیاتی خدمات، شرح تبادلے اور شفافیت، تجارت میں توسیع، دو طرفہ جائزے اور تنازعات کے حل سمیت دیگر موضوعات شامل ہیں۔

بیجنگ انتظامیہ نے 2 برسوں کے اندر امریکہ سے200 ارب ڈالر کی درآمدات کرنے کی ضمانت دی ہے۔ چین توانائی، خدمات، زراعت اور صنعت جیسے شعبہ جات کے لیے امریکہ سے مصنوعات خریدے گا۔