عالمی عدالت انصاف کا میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام روکنے کا حکم

Last Updated On 23 January,2020 03:43 pm

دی ہیگ: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام روکے۔

دی ہیگ میں عالمی عدالت نے کہا ہے کہ میانمار اپنے اختیار کے اندر روہنگیا مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرے، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف افریقی ملک گیمبیا نے درخواست دی تھی۔

یہ درخواست 1948 کے جینوسائیڈ کنونشن کے تحت دی گئی تھی۔ میانمار میں ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کا نہ صرف قتل عام کیا گیا تھا بلکہ خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی، زندہ انسانوں کے اعضا کاٹنے سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئی تھیں، بعض مقامات پر سرکاری فوج اور پولیس کی سرپرستی میں مسلمانوں کے گھر جلانے کے واقعات بھی پیش آئے، اس صورتحال کے سبب لاکھوں مسلمان اپنی جانیں بچانے کیلئے بنگلہ دیش اور دوسرے ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔