نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، پولیس نے پر امن ریلی کو پارلیمنٹ تک جانے سے روک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں متنازع شہریت کیخلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران پر امن مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف جانے کی کوشش کی، اس کوشش کے دوران پولیس نے پر امن ریلی کو پارلیمنٹ تک جانے سے روکتے ہوئے مظاہرین پر شدید تشدد کیا۔
واضح رہے کہ مسلم طلبا اور شہریوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پارلیمنٹ تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا،
خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہرین نے ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے کہ نعرے لگائے، مظاہرین کی بڑی تعداد جنتر منتر کے مقام پر موجود ہے، شاہین باغ کے مقام پر بھی مظاہرین کا احتجاج دو ماہ سے جاری ہے۔
دوسری طرف بھارتی سپریم کورٹ بھی مودی سرکار کی زبان بولنے لگی۔
بھارتی سپریم کورٹ نے انوکھی منطق اپناتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہروں کے لیے سڑک بند نہیں کی جا سکتی، بچوں کو احتجاج میں کیوں لایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ متنازع کالے قانون کے خلاف مظاہرہ کرتی ماں کا شیر خوار شاہین باغ میں دم توڑ گیا تھا، مرنے والے شیر خوار کے والد نے مودی سرکار کو قاتل قرار دے دیا تھا۔