ادلب: ترک حمایت یافتہ باغیوں نے شامی فوج کا ہیلی کاپٹر مار گرایا

Last Updated On 11 February,2020 07:57 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) ترک حمایت یافتہ باغیوں نے شمال مغربی صوبہ ادلب میں شامی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر مارگرایا ہے۔

ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر کو شام کے شمال مغربی قصبہ نیراب میں مارگرایا گیا ہے لیکن اس نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے پائیلٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شامی فوج نے ادلب میں پانچ ترک فوجیوں کو ایک کارروائی میں ہلاک کردیا تھا۔اس کے ردعمل میں ترک فوج نے شامی فوج کی چوکیوں اور ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔

ترک میڈیا نے دعویٰ کیا تھا اس کارروائی کے دوران شامی فوج کے 100 سے زائد اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

 

یہ بھی پڑھیں: ادلب: 5 ترک فوجی جاں بحق، جوابی کارروائی میں 105 شامی فوجی مارے گئے

دریں اثناء ترکی کے ایک عہدہ دار نے بتایا ہے کہ شامی حکومت کی فورسز نے ادلب میں ترک فوج کی نگران چوکیوں کے نزدیک ایک مرتبہ پھر فائرنگ کی ہے۔اس کے جواب میں ترک فورسز نے بھی فائرنگ کی ہے۔

اس عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ اگر شامی حزب اختلاف کے دھڑے ادلب شہر کے مشرق میں واقع شہر سراقب کے نواح میں اسدی فوج اور اس کی حامی ملیشیاؤں پر گذشتہ دنوں میں بھرپور حملہ کرتے تو وہ اپنے ہاتھ سے چھن جانے والے علاقوں کو دوبارہ واپس لے سکتے تھے۔

شامی فوج کی باغیوں کے زیر قبضہ آخری صوبہ ادلب کو فتح کرنے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے جاری کارروائی کے دوران میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور وہ ترکی کے سرحدی علاقے کا رُخ کررہے ہیں لیکن ترکی نے اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ ترکی اس وقت 36 لاکھ سے زیادہ شامی مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ ادلب سے بے گھر ہو کر آنے والے مزید شامی مہاجرین کا بوجھ نہیں سہار سکتا۔اس نے شام سے ادلب میں باغی گروپوں کے خلاف جاری اس فوجی کارروائی کو اس ماہ کے آخر تک روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے ایسا نہیں کیا تو پھر وہ ترکی کی جوابی کارروائی کے لیے تیار رہے۔