دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل دہلی مسلم کش فسادات پر غمگین ہیں: ایرانی سپریم لیڈر

Last Updated On 05 March,2020 10:11 pm

تہران: (دنیا نیوز) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے مسلم کش فسادات پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح انداز میں مودی سرکار پر تنقید کی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کے دل بھارت میں مسلم کش اقدامات پر غمگین ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ انتہا پسندوں اوران کی جماعتوں کا محاسبہ کرے، مسلمانوں کے قتل عام کو نہ روکا گیا تو عالم اسلام میں بھارت تنہا رہ جائے گا۔

دوسری طرف ایرانی اخبار نے نریندرا مودی کو دہلی کا قصاب قرار دیدیا، روزنامہ فرہیختگان نے مودی کی ہٹلر کی وردی میں ملبوس تصویر فرنٹ پیج پر شائع کردی۔

ایرانی اخبار نے پورے سرورق کو مودی کے مسلمانوں کے خلاف مظالم کے لئے مختص کیا۔

ایرانی روزنامہ نے لکھا کہ بھارت کے حزب اقتدار کی مسلمانوں کے خلاف تشدد جاری ہیں، انتہا پسند حکومت نے کشمیر کی خود مختاری سلب کی، حکومت نے مسلمانوں سے منسوب مقامات کے نام بھی بدل دئے۔

ایرانی اخبار نے مزید لکھا کہ بھارت کی حزب اقتدار کے اقدامات جرمنی کے ہٹلر کے اقدامات کے مشابہہ ہیں، مودی جب گجرات کا وزیر اعلیٰ تھا تب بھی مسلم مخالف سیاست جاری رکھی۔
 

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کہا تھا کہ ایران نئی دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام اور تشدد آمیز واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے بھارتی حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور بے حس شرپسند عناصر کو قابو میں رکھے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کے نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے بعد مودی سرکار آگ بگولہ ہو گئی تھی، بھارتی حکومت نے دہلی میں موجود ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاج کیا تھا۔